حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے سے پورا ملک مشتعل ہے۔ منگل کے روز دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے 26 لوگوں کو شہید کر دیا۔ دل دہلا دینے والے اس دہشت گردانہ حملے کے خلاف جونپور کے علاقے بیگم گنج میں واقع جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام میں حجت الاسلام مولانا صفدر حسین زیدی کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔
تعزیتی اجلاس میں مرحومین کی روح کی تسکین اور زخمیوں کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ اور اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر مذہبی رہنما مولانا صفدر حسین زیدی نے کہا کہ ہم پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور جو لوگ مارے گئے ہیں ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، نیز زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔
کشمیر کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان بنائے رکھیں اور دہشت گردی کو ختم کرنے میں مدد کریں، اس کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی حفاظت کا بھی خیال رکھیں۔ مولانا نے مرکز کی حکومت سے بھی اپیل کی کہ حملے کے ذمہ دار افراد کو ایسی سزا دی جائے کہ ان کی آئندہ نسلیں یاد رکھیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ اس موقع پر مولانا عنبر عباس خان، مولانا شازان زیدی، مولانا ضیافت حسین، شمس الہدیٰ، صادق رضوی، عاقف حسینی اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔










آپ کا تبصرہ